ریاض: سعودی عرب کے علاقے نجران میں اے ایچ-6 آئی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں سعودی اتحاد فورس کے عملے کے دو ارکان جاں بحق ہوگئے۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔ تاہم انہوں نے حادثے کی وجوہات اور دیگر تفصیلات سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہیلی کاپٹر اس علاقے میں گرا جو سعودی وزارت نیشنل گارڈ کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔
دوسری جانب حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا کہ یمن میں قائم حوثی فورسز نے نجران کے قریب سعودی عرب کا اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرایا۔ ان کے مطابق ہیلی کاپٹر سعودی سرحد کے قریب حوثی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کارروائی میں مصروف تھا۔ تاہم یہ دعویٰ سعودی اتحاد کے ترجمان کے بیان سے مختلف ہے، جنہوں نے حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں کے حوالے سے کشیدگی کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ ہوائی اڈوں اور توانائی کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنائے جانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
تین روز قبل سعودی اتحادی فوج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے دعویٰ کیا تھا کہ فضائی دفاعی نظام نے مدینہ ریجن میں سعودی سرزمین کی جانب آنے والے ایک کروز میزائل کو روک کر تباہ کردیا۔ ان کے مطابق میزائل کا سراغ داغے جانے کے فوراً بعد لگا لیا گیا تھا اور اس کی نقل و حرکت کی نگرانی کے بعد اسے تباہ کیا گیا۔
دوسری جانب حوثی فوج نے مدینہ پر حملے کی تردید کی تھی۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اتحادی کمانڈ دشمن کے فضائی اہداف کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر چوکس اور مستعد ہے۔