Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

معروف پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی کا بڑا انکشاف، خون کے سرطان میں مبتلا ہونے کا بتایا

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خون کے سرطان ملٹیپل مائیلوما میں مبتلا ہو گئے تھے اور اس دوران انہیں انتہائی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار رواں ماہ 28 نومبر کو کراچی میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے اپنے آنے والے کانسرٹس اور صحت سے متعلق اہم باتیں شیئر کیں۔

شفقت امانت علی کا کہنا تھا کہ کانسرٹ کی تیاری اور ریہرسل میں انہیں کافی وقت لگا، کیونکہ وہ ایک مشکل دور سے گزر رہے تھے۔ اس بیماری نے انہیں، ان کے خاندان اور دوستوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا، جبکہ انہوں نے بعض دوستوں سے اپنی بیماری کی تفصیلات بھی چھپائے رکھیں۔

گلوکار نے بتایا کہ انہیں ملٹیپل مائیلوما کی تشخیص ہوئی تھی، جو خون کے سرطان کی ایک سنگین قسم ہے۔ تاہم ان کی بون میرو بائیوپسی کی رپورٹ کلیئر آ چکی ہے، لیکن صحت یابی کے لیے انہیں ابھی اسٹیم سیل تھراپی کے مرحلے سے گزرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹو ٹرانسپلانٹ مکمل ہونے تک وہ ادویات استعمال کر رہے ہیں، جو ہلکی کیموتھراپی کی نوعیت رکھتی ہیں اور انہیں ہر ہفتے اس عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔ شفقت امانت علی نے بتایا کہ اب ان کی صحت میں بہتری آ چکی ہے۔

واضح رہے کہ شفقت امانت علی پاکستان اور بھارت کی موسیقی کی دنیا میں اپنی منفرد آواز کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔ ان کے مشہور گانوں میں ’’متوا‘‘، ’’تیرے نینا‘‘، ’’بن تیرے‘‘، ’’تیری جھکی نظر‘‘ اور ’’آنکھوں کے ساگر‘‘ شامل ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More