Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ستائیس ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کیوں نہیں لیا گیا؟ شازیہ مری کا طلال چوہدری سے سوال

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے وزیر مملکت طلال چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم سیاسی اتفاق رائے کے بجائے عددی اکثریت کی بنیاد پر کیوں منظور کی گئی؟ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اظہارِ رائے اور اختلاف کا حق صرف حکومت نہیں بلکہ اپوزیشن کو بھی حاصل ہے۔

اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ نظام کی ناکامی، سیاسی ری سیٹ یا صوبوں کی تقسیم سے متعلق باتیں پیپلز پارٹی نے نہیں بلکہ حکومتی نمائندوں نے کی ہیں، ہم نے صرف اپنی رائے کا اظہار کیا ہے، کیا اب اختلافِ رائے بھی جرم بن گیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آئین کی بالادستی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور پیپلز پارٹی کسی سیاسی رعایت یا خصوصی مراعات کی خواہاں نہیں ہے۔

شازیہ مری نے سوال کیا کہ حکومت اپوزیشن کو پارلیمان میں اس کی جائز نمائندگی اور آواز سے کیوں محروم رکھ رہی ہے؟ اگر 18ویں آئینی ترمیم ایک تاریخی کارنامہ ہے تو پھر وفاقی حکومت صوبائی خودمختاری اور صوبوں کے آئینی مالی حقوق پر سوالات کیوں اٹھا رہی ہے؟

ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت صوبوں کی تقسیم کے لیے سیاسی جوڑ توڑ یا غیر آئینی راستوں پر یقین نہیں رکھتی، نئے صوبوں کا قیام صرف آئینی طریقہ کار اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔ سندھ کے عوام اور منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لیے بغیر صوبے کی تقسیم کی بات کرنا بھی قابلِ سوال ہے، جبکہ سندھ اسمبلی متعدد مرتبہ آئینی طریقے سے صوبے کی تقسیم مسترد کر چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن کے لیے خصوصی رعایت نہیں بلکہ سیاسی قیدیوں، پارلیمانی نمائندگی اور جمہوری حقوق کے آئینی تحفظ کا مطالبہ کر رہی ہے۔

شازیہ مری نے دعویٰ کیا کہ سندھ وفاق کو تقریباً 585 ارب روپے کی اضافی مالی معاونت فراہم کرتا ہے، اس کے باوجود وفاقی حکومت صوبے کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتی ہے۔ وفاق کو پہلے صوبوں کے مالی اور آئینی حقوق سے متعلق اپنے فرائض کا جواب دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے وسائل حاصل کرکے اور صوبائی خودمختاری کو کمزور کرکے ہر انتظامی مسئلے کی ذمہ داری صوبوں پر نہیں ڈال سکتی۔

پیپلز پارٹی کی ترجمان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان میں سیاسی مکالمے اور نظام کی بہتری کے لیے نئے راستے اختیار کرنے کی بات کی ہے، لہٰذا حکومت کو ذاتی حملوں کے بجائے جمہوری مکالمے کے ذریعے جواب دینا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی پارلیمان کی بالادستی، صوبائی خودمختاری، آئینی جمہوریت اور عوام کے حقوق پر یقین رکھتی ہے۔ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، نہ کہ سیاسی انتقام اور محاذ آرائی کو فروغ دینے کی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More