کراچی: سندھ حکومت نے میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ اس حوالے سے نوٹیفکیشن آئندہ 24 گھنٹوں میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے میر رضا کیس کے سلسلے میں قائم کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اراکین نے ملاقات کی، جس میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ اور سفارشات پر عمل درآمد کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار، سعید غنی اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ جواد ڈیرو شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران کمیٹی اراکین نے جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کو رپورٹ پر ہونے والے ابتدائی اجلاس اور اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جائزہ اجلاس کے دوران جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں ابتدائی سفارشات مرتب کی گئی ہیں، جو وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کر دی گئی ہیں۔
سندھ حکومت نے جے آئی ٹی کے علاوہ ایک الگ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹیم کیس کی ابتدائی تحقیقات کرنے والی ٹیموں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے نشاندہی کرے گی۔
اس اقدام کا مقصد ابتدائی تفتیش کے دوران سامنے آنے والی ممکنہ کوتاہیوں کا تعین کرنا اور ذمہ داری کا جائزہ لینا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمیٹی کی تمام سفارشات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل کیا جائے گا۔
حکومت سندھ کے فیصلے کے تحت جے آئی ٹی اور الگ تحقیقاتی ٹیم کے قیام کے ذریعے کیس کی تحقیقات اور ابتدائی تفتیش میں ممکنہ غفلت کے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔