Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، اقتصادی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار

 اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کی ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیاتی تحفظ اور عالمی امور پر تبادلہ خیال

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ معزز مہمان کا ایوانِ صدر پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات مشترکہ عقائد، باہمی اعتماد، خودمختاری کے احترام اور دیرپا خیرسگالی پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر مالدیپ کے صدر کا سرکاری دورہ دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

صدرِ مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی خیرسگالی کو تجارت، سرمایہ کاری، باہمی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں میں اضافے کی صورت میں آگے بڑھایا جائے۔

 

انہوں نے تعلیم، صحت، انسانی وسائل کی ترقی، سماجی تحفظ اور پائیدار ترقی سمیت مختلف شعبوں میں مالدیپ کی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری نے مالدیپ کی ترقی میں پاکستان کے تاریخی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت مالے میں پارلیمنٹ کی عمارت اور اسکول آف میڈیسن دونوں ممالک کی دوستی کی نمایاں علامتیں ہیں۔ انہوں نے اس تعاون کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے اور عوامی سطح پر روابط مزید مستحکم کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔

ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی خطرات سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات چھوٹی جزیرہ ریاستوں اور قدرتی آفات کے خطرات سے دوچار ترقی پذیر ممالک کے لیے سنگین چیلنج بن رہے ہیں۔

صدرِ مملکت نے ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور پائیدار ترقی کے لیے مالدیپ کے ساتھ تعاون گہرا کرنے کی پاکستان کی آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے مالدیپ کے صدر کے پانچ ملین پودے لگانے کے اقدام کی حمایت کرتے ہوئے مشترکہ ماحولیاتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں صدور نے علاقائی اور عالمی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق مذاکرات، سفارت کاری، خودمختار مساوات، باہمی احترام اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت اجاگر کی۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا۔

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے ہمراہ وزیر خارجہ اریتھیشام آدم، وزیر دفاع و قومی خدمات حسن رشید، وزیر داخلہ و سلامتی، محنت و ٹیکنالوجی علی احسان، وزیر اقتصادی ترقی، ٹرانسپورٹ و تجارت محمد سعید اور پاکستان میں مالدیپ کے ہائی کمشنر محمد تھوہا بھی موجود تھے۔

پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن نقوی، وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی نوید قمر، سیکرٹری خارجہ اور مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر شامل تھے۔

ملاقات کے بعد صدر آصف علی زرداری نے مالدیپ کے صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ دیا، جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شرکت کی۔

تقریب میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا، وفاقی کابینہ کے ارکان، پارلیمنٹیرینز اور سفارتی کور کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

ملاقات اور سرکاری عشائیے کے دوران دونوں ممالک نے تاریخی دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، اقتصادی تعاون میں وسعت لانے، ماحولیاتی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے اور عالمی سطح پر مشترکہ اصولوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] برس پاکستان اور جرمنی اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More