سندھ کے نوجوانوں کیلئے عالمی روزگار کے دروازے کھولنے کی تیاری، فری لانسنگ کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
کراچی: سندھ حکومت نے صوبے کے ہنرمند نوجوانوں کو بین الاقوامی فری لانسنگ مارکیٹ تک رسائی دینے اور گھر بیٹھے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اہم اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق آئی ورک فار سندھ پلیٹ فارم کے تحت عالمی فری لانسنگ منصوبوں اور انٹرنیشنل بِڈنگ کیلئے خصوصی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس سے سندھ کے نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر کام حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فری لانسنگ دنیا بھر میں آمدنی اور روزگار کا ایک مؤثر ذریعہ بن چکی ہے، سندھ کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں عالمی مارکیٹ سے منسلک کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت بین الاقوامی منصوبوں اور پروجیکٹس کی تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر پلیٹ فارم پر فراہم کی جائیں گی۔ ایک خصوصی ٹیم ان منصوبوں کے حصول کیلئے بولیاں جمع کرائے گی، جبکہ کامیابی سے حاصل ہونے والے پروجیکٹس صوبے کے ہنرمند فری لانسرز، پیشہ ور افراد اور کاروباری اداروں کو دیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو اپنے شہروں اور گھروں میں رہتے ہوئے عالمی سطح پر کام کرنے اور بین الاقوامی آمدنی حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ خواتین کو بھی فری لانسنگ کے شعبے میں آگے لانے کیلئے گھر بیٹھے کام کرنے کے خصوصی فیچر کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ سندھ میں ڈیجیٹل معیشت کو فروغ اور زرمبادلہ کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔