Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

تامل فلم انڈسٹری کو ایک اور بڑا صدمہ، معروف گلوکار دنیا سے رخصت

نئی دہلی: تامل فلمی موسیقی کی دنیا ایک اور معروف آواز سے محروم ہوگئی، گلوکار کرشناراج 75 برس کی عمر میں چنئی میں انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال پر تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ وجے سمیت متعدد فنکاروں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

معروف تامل گلوکار کرشناراج 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

 

کرشناراج راماسامی جمعرات کو چنئی میں چل بسے۔ ان کی وفات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب تامل فلم انڈسٹری پہلے ہی معروف موسیقار دیوا اور اداکار کارتھک سبیش کے انتقال کے صدمے سے گزر رہی ہے۔ کرشناراج اور دیوا نے مل کر کئی مقبول گیت تخلیق کیے تھے۔

اداکارہ و گلوکارہ انورادھا سری رام نے مرحوم کی رہائش گاہ پہنچ کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی، جبکہ اداکار سرتھ کمار نے بھی ان کے ساتھ اپنی یادیں تازہ کیں۔ سرتھ کمار کے مطابق کرشناراج نے اپنے فنی کیریئر میں 300 سے زائد گیت ریکارڈ کرائے۔

موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل کرشناراج بطور ویور کام کرتے تھے، تاہم بعد میں انہوں نے موسیقی کی باقاعدہ تربیت حاصل کی اور مختلف ساز بجانا سیکھے۔ 1990 کی دہائی میں انہیں نمایاں شہرت ملی اور موسیقار دیوا کے ساتھ ان کی جوڑی نے کئی یادگار گیت پیش کیے۔

ان کا 1997 کی فلم ’’پورکالم‘‘ کا گیت ’’تھنجاوورو مانو ایڈتھو‘‘ آج بھی مداحوں میں مقبول ہے۔ یہ گیت سنگاپور کے سابق صدر ایس آر ناتھن کی آخری رسومات کے موقع پر بھی پیش کیا گیا تھا۔

گلوکارہ چنمئی، سجاتھا موہن، انورادھا سری رام اور دیگر فنکاروں نے کرشناراج کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More