برلن: جرمنی سے تعلق رکھنے والے معروف گیمنگ انفلوئنسر مینوئل اوٹو 30 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ محض 14 سال کی عمر میں مقبول آن لائن گیم ’اسٹک رَن‘ تیار کرکے عالمی شہرت حاصل کر چکے تھے۔
رپورٹس کے مطابق اوٹو کی موت لائیو اسٹریم کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد ہوئی۔
گیم ’اسٹک رَن‘ کے ترجمان نے ان کے انتقال کی تصدیق کی، تاہم موت کی اصل وجہ اور واقعے کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
بعض رپورٹس میں جرمنی کی ریاست باویریا میں آتش زدگی کے ایک مہلک واقعے سے ممکنہ تعلق کا ذکر کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔ حکام کی جانب سے بھی واقعے کی حتمی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
مینوئل اوٹو نے کم عمری میں ’اسٹک رَن‘ تیار کرکے آن لائن گیمنگ کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات جاری کرتے ہوئے گیمنگ انڈسٹری کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
گیم کے ترجمان نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ افراد کی نجی زندگی کا احترام کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں۔