Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

مریم نواز کا سوشل سکیورٹی موبائل ہیلتھ پروگرام، مارچ 2027 تک مزید 12 اضلاع میں توسیع کا ہدف

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سوشل سکیورٹی موبائل ہیلتھ پروگرام کو مارچ 2027 تک صوبے کے مزید 12 اضلاع اور شہروں تک وسعت دینے کا ہدف مقرر کر دیا۔ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ محنت کشوں کو کام کی جگہ پر جبکہ ان کے اہل خانہ کو گھر کی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ آفس کے اعلامیے کے مطابق گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان اور راولپنڈی میں بھی موبائل ہیلتھ پروگرام شروع کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر مریم نواز شریف نے سوشل سکیورٹی موبائل ہسپتال، موبائل ڈینٹل ہسپتال اور موبائل ہیلتھ بائیکس کا معائنہ کیا۔

 

انہوں نے طبی آلات اور ادویات کے بارے میں بریفنگ لی اور ایک ڈیوائس کے ذریعے اپنا درجہ حرارت بھی چیک کیا۔

 

وزیر محنت منشأ اللہ بٹ اور سیکرٹری دانش افضال نے وزیراعلیٰ کو پروگرام کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا، جبکہ انہوں نے موبائل ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور عملے سے بھی ملاقات کی۔

مریم نواز شریف نے نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال کے آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ اور رحمتہ للعالمین کارڈیک سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی صحت دریافت کی۔

 

وزیراعلیٰ نے کارڈیالوجی وارڈ میں مریضوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی اور ایک مریضہ کی دیکھ بھال کرنے والی ان کی بیٹی کو سراہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق صوبے کے 24 سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ایک کروڑ سے زائد صنعتی محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے اور ادویات کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (PESSI) کے تحت 250 میڈیکل آؤٹ لیٹس کے ذریعے بھی محنت کشوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ موبائل ہیلتھ پروگرام کے ذریعے محنت کشوں کو پہلی مرتبہ ان کی جائے کار پر اور ان کے اہل خانہ کو گھر کے قریب طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ اس اقدام سے بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن بنانے کے ساتھ ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں، تجارتی مراکز اور صنعتی یونٹس سمیت جہاں بھی محنت کش موجود ہوں گے، وہاں سوشل سکیورٹی کے موبائل ہیلتھ یونٹس طبی خدمات فراہم کریں گے۔ پروگرام کا مقصد رجسٹرڈ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری طبی سہولیات ان تک پہنچا کر فراہم کرنا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
2 تبصرے
  1. […] نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی […]

  2. […] کیا تھا۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات جاری کرتے ہوئے گیمنگ انڈسٹری […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More