کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر سالانہ 800 ارب روپے سے زائد کی بھاری رقم خرچ کی جا رہی ہے، لیکن اس کے باوجود ملک میں غربت کا خاتمہ بدستور ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ اگر یہی ہزاروں ارب روپے بہتر منصوبہ بندی اور درست ترجیحات کے ساتھ استعمال کیے جاتے تو ملک کے لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل سنور سکتا تھا۔
شہرِ قائد میں کارکنوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے بلدیاتی نمائندوں کو محلہ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی عوام کو ان کے حقوق دلانے کے ساتھ ساتھ شہر کی روشنیاں بحال کرے گی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوام کو تعلیم فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس بار عوام کے جمہوری مینڈیٹ پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیا جائے گا۔ تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں یحییٰ خان اور ذوالفقار علی بھٹو نے عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا تھا جس کا نتیجہ ملک ٹوٹنے کی صورت میں نکلا، جبکہ ایسے ہی عناصر گورنر راج اور ایمرجنسیوں کا سہارا لے کر حکومت چلاتے رہے ہیں۔
عالمی بینک کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ گزشتہ آٹھ سالوں کے دوران ملک میں غربت کی شرح 21 فیصد سے بڑھ کر 28 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ MENAAP (مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان) کے خطے میں روزانہ تین ڈالر سے کم پر زندگی بسر کرنے والے انتہائی غریب افراد کا تقریباً 48 فیصد حصہ پاکستان میں مقیم ہے، جو کہ حکومتی پالیسیوں اور فلاحی پروگراموں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
[…] چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کراچی کو لڑکیوں کے لیے جیل قرار دینے والی اداکارہ حنا الطاف […]