اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سال 2026 کے دوسرے سپر مون کا شاندار نظارہ کیا گیا، جس نے رات کے آسمان کو غیرمعمولی روشنی سے منور کر دیا۔
گرین وچ معیاری وقت کے مطابق سپر مون کا عروج دوپہر 2 بج کر 53 منٹ پر ہوا، جبکہ پاکستان میں یہ نظارہ رات 7 بج کر 53 منٹ پر دیکھا گیا۔
سپر مون اس وقت دکھائی دیتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے نسبتاً زیادہ قریب آ جاتا ہے،
جس کے باعث وہ عام پورے چاند کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس دوران چاند کی ظاہری چمک میں تقریباً 30 فیصد جبکہ حجم میں 14 فیصد تک اضافہ محسوس ہو سکتا ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق نومبر کا سپر مون بھی زمین سے قربت کے باعث غیرمعمولی طور پر روشن دکھائی دیا، جبکہ امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں بھی شہریوں نے اس خوبصورت فلکیاتی منظر کا مشاہدہ کیا۔
نومبر کے سپر مون کو ’’بیور مون‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جس کی وجہ شمالی امریکا میں پائے جانے والے آبی جانور بیور سے منسوب روایات ہیں۔
سردیوں کی آمد سے قبل بیور اپنے ٹھکانے مضبوط کرتے اور خوراک ذخیرہ کرتے ہیں، اسی مناسبت سے نومبر کے مکمل چاند کو بیور مون کہا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ 2026 کا پہلا سپر مون جنوری میں نظر آیا تھا، جبکہ رواں سال کا آخری سپر مون 23 اور 24 دسمبر کو آسمان پر جلوہ گر ہوگا۔