Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کی 78ویں برسی، صدر مملکت اور وزیراعظم کا خراجِ عقیدت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نشانِ حیدر پانے والے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کی 78ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بے مثال بہادری، جرات اور وطن کے لیے عظیم قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور نئی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ قوم کی جانب سے اور اپنی ذاتی حیثیت میں وطن کے اس بہادر سپوت کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے جنگِ آزادی کشمیر کے دوران دشمن کے شدید حملوں کا جرات مندی سے مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی تعداد اور وسائل میں برتری کے باوجود نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود وہ اپنے دستے کی قیادت کرتے رہے اور آخری دم تک دشمن کے سامنے ڈٹے رہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شہید نے وطن کی حرمت اور دفاع کے لیے اپنی جان قربان کرکے شجاعت کی ایسی مثال قائم کی جو ملکی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ پاکستان اپنے شہداء کی قربانیوں کا ہمیشہ مقروض رہے گا، کیونکہ ان کی لازوال جدوجہد قومی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کی بنیاد ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کی 78ویں برسی کے موقع پر پوری قوم ان کی بے مثال جرات اور عظیم قربانی کو عقیدت و احترام سے یاد کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 1948 کی جنگ کے دوران نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے دشمن کے شدید حملوں کا مردانگی سے مقابلہ کیا اور تعداد و وسائل میں برتری رکھنے والی مخالف قوتوں کے عزائم کو اپنی بہادری سے ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ دورانِ جنگ زخمی ہونے کے باوجود شہید نے اپنے فوجی دستے کی قیادت جاری رکھی اور آخری سانس تک وطن کے دفاع میں مصروف رہے، یہاں تک کہ جامِ شہادت نوش کیا۔

 

ان کی قربانی وطن سے بے مثال محبت اور فرض شناسی کی روشن مثال ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے وادیٔ کشمیر کے فرزند ہونے کا حق ادا کیا اور اپنی تاریخی قربانی سے حب الوطنی کی لازوال داستان رقم کی۔ شہداء کا لہو، مسلح افواج کے جوانوں کا عزم اور قوم کی وطن سے محبت پاکستان کے دفاع، آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم وطن کے تمام شہداء کی قربانیوں، جذبۂ حب الوطنی اور بے مثال جانفشانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More