لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) سہ ملکی کرکٹ سیریز کے آخری لیگ میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی فتح اپنے نام کرلی۔ 387 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 331 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے رتھنائیکے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 118 رنز بنائے، جبکہ کوشل مینڈس 89 اور ایوشکا فرنینڈو 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سہان آراچیگے نے 30 اور جنیت لیانج نے 27 رنز اسکور کیے، جبکہ داسن شاناکا اور کامیندو مینڈس 4، 4 رنز بنا سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاؤسن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سونی بیکر نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم انگلش بلے بازوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 167 رنز اسکور کیے اور ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے۔ ٹام بینٹن نے 74 جبکہ ہیری بروک نے 44 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ بڑا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 387 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بلے بازوں نے مزاحمت کی، تاہم مطلوبہ رن ریٹ برقرار نہ رکھ سکے اور پوری ٹیم 331 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز کے فائنل کے لیے پاکستان اور سری لنکا پہلے ہی کوالیفائی کر چکے ہیں، جبکہ انگلینڈ نے آخری لیگ میچ میں کامیابی کے ساتھ ایونٹ کا اختتام کیا۔
[…] کے مطابق سری لنکا کے معروف ٹی وی میزبان چتھورا الوِس پاکستان میں گندھارا […]