کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ حنا الطاف نے ملک میں خواتین کو درپیش سماجی مشکلات اور آزادی سے متعلق مسائل پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہمارے معاشرے میں لڑکی ہونا ہی گناہ بن گیا ہے۔
اداکارہ نے کراچی کو جیل سے تشبیہ دیتے ہوئے خواتین کی روزمرہ زندگی میں پیش آنے والی مشکلات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے بیان کے حق اور مخالفت میں مختلف آرا سامنے آنے لگیں۔
تفصیلات کے مطابق حنا الطاف حال ہی میں لندن میں چھٹیاں گزارنے کے بعد پاکستان واپس آ رہی تھیں۔ وطن واپسی سے چند گھنٹے قبل انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں لندن میں اپنے قیام کو خوشگوار قرار دیا۔
ویڈیو میں اداکارہ نے کہا کہ کراچی روانگی سے پہلے انہوں نے سوچا کہ لندن میں آخری مرتبہ ناشتہ کرلیا جائے، کیونکہ اس کے بعد دوبارہ کراچی کی جیل میں قید ہونا ہے۔
حنا الطاف نے پاکستان میں خواتین کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں لڑکیوں کے لیے اپنی مرضی سے زندگی گزارنا آسان نہیں، جبکہ سڑکوں پر آزادانہ چلنا بھی ان کے لیے ایک مشکل تجربہ بن جاتا ہے۔
اداکارہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ بعض صارفین نے خواتین کی آزادی، نقل و حرکت اور معاشرتی پابندیوں سے متعلق ان کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ دیگر نے کراچی جیسے بڑے شہر کے لیے جیل کا لفظ استعمال کرنے پر تنقید کی۔
حنا الطاف کے بیان نے پاکستان میں خواتین کی ذاتی آزادی، عوامی مقامات پر تحفظ اور روزمرہ زندگی میں درپیش سماجی رکاوٹوں سے متعلق بحث کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔
[…] کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ غیر ملکی ہوگا، جبکہ اس عہدے پر […]