لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا فیصلہ کن معرکہ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا، جہاں دونوں ٹیمیں ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔ فائنل مقابلہ دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔
میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ میں شرکت کی۔
پاکستان کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ سری لنکا کی کپتانی کوشل مینڈس کریں گے۔
پاکستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے خلاف دونوں اور سری لنکا کے خلاف ایک میچ جیت کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ اب گرین شرٹس کی نظریں ہوم گراؤنڈ پر پہلی ون ڈے انٹرنیشنل تین ملکی سیریز کی ٹرافی جیتنے پر مرکوز ہیں۔
ٹورنامنٹ میں سلمان علی آغا 158 رنز کے ساتھ پاکستان کے نمایاں بیٹر ہیں، جبکہ عرفات منہاس 9 اور شاہین شاہ آفریدی 8 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے، تاہم ٹاپ آرڈر میں رنز بنانے اور بڑی شراکتیں قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فائنل میں بہترین کھیل پیش کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے شائقین سے بھرپور حمایت کی اپیل بھی کی۔
دوسری جانب سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے بھی فائنل کے لیے بھرپور تیاری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی ٹیم کے لیے انتہائی اہم مقابلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حالیہ میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے، تاہم سری لنکن ٹیم بھی کامیابی کے لیے پُرعزم ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ لاہور کے میدان میں شاہینوں کا راج برقرار رہتا ہے یا سری لنکا ٹرافی لے اڑتا ہے۔
[…] آصف کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو عالمی سطح پر ایسا مقام حاصل ہے جو گزشتہ 78 برسوں میں […]
[…] ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے اور پاکستان چین کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے […]