Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

کراچی میں رہائش کا بحران، کیا ہر شہری کو اپنی چھت میسر ہے؟

کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم شہر منایا جا رہا ہے، اس سال دن کا موضوع شہروں کی ازسرنو تعمیر اور سب کے لیے مناسب رہائش رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر شہر قائد میں رہائش کے بڑھتے ہوئے بحران اور شہریوں کو درپیش مسائل ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

کراچی کو روشنیوں کا شہر اور پاکستان کا معاشی مرکز کہا جاتا ہے، جہاں ملک کے مختلف حصوں سے لوگ روزگار، تعلیم اور بہتر مستقبل کی تلاش میں آتے ہیں، لیکن اس شہر میں آج بھی لاکھوں افراد مناسب رہائش اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 3.4 ارب افراد مناسب رہائش کی سہولت نہیں رکھتے۔ کراچی کی صورتحال بھی اس عالمی بحران کی عکاسی کرتی ہے۔ ایک جانب ڈیفنس اور کلفٹن کی بلند و بالا عمارتیں اور پوش بستیاں ہیں، تو دوسری جانب اورنگی، لیاری، مچھر کالونی اور ملیر کی کچی آبادیاں ہیں، جہاں شہری پانی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کے لیے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

شہری ترقی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اب نئے شہر آباد کرنے کے بجائے موجودہ شہروں کو بہتر بنانے پر توجہ دینا ضروری ہے۔

 

ان کے مطابق کراچی کی 60 فیصد سے زائد غیر رسمی آبادیوں کو قانونی شناخت، محفوظ رہائش اور بنیادی سہولیات فراہم کرکے شہر کو زیادہ بہتر اور قابل رہائش بنایا جا سکتا ہے۔

میئر کراچی کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور محدود وسائل کے باوجود اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر صرف اینٹوں اور کنکریٹ سے نہیں بلکہ وہاں بسنے والے لوگوں سے بنتے ہیں۔

یوم شہر کے موقع پر بنیادی سوال یہی ہے کہ کیا کراچی ترقی کی منزلیں طے کرتے ہوئے اپنے ہر شہری کو محفوظ چھت بھی فراہم کر سکے گا؟ کیونکہ حقیقی ترقی بلند عمارتوں سے نہیں بلکہ اس بات سے ناپی جاتی ہے کہ شہر میں رہنے والا امیر ہو یا غریب، ہر شخص کو باعزت اور مناسب رہائش میسر ہو۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More