لاہور: سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں پاکستان کے خلاف سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے، جہاں مہمان ٹیم نے 26 اوورز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنا لیے ہیں۔
کامیندو مینڈس 78 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ پون رتھنائیکے نے 12 رنز بنا رکھے ہیں۔ اس سے قبل اوشکا فرنانڈو 38 اور کپتان کوشال مینڈس 8 رنز بنا کر سلمان علی آغا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
فائنل مقابلے کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، طبیعت ناساز ہونے کے باعث شاداب خان کی جگہ فہیم اشرف کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب سری لنکن ٹیم نے بھی ایک تبدیلی کرتے ہوئے ایشان ملنگا کی جگہ مہیش تھیکشانا کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
ایونٹ میں پاکستان اور سری لنکا کی کارکردگی بھی قابل ذکر رہی ہے۔ قومی ٹیم کو چار میچز میں صرف ایک شکست کا سامنا کرنا پڑا، جو سری لنکا کے خلاف تھی، جبکہ سری لنکن ٹیم نے تین میچز میں کامیابی حاصل کی اور آخری میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کھائی۔