لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں تعینات فرانس کے نئے سفیر ژاں نوئل پواریے نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی، صنعتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے فرانسیسی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور لاہور آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں پنجاب اور فرانس کے مابین تجارتی روابط مضبوط بنانے اور صنعتی و سرمایہ کاری شراکت داری کے نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر فرانسیسی سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کو تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے فرانس کے دورے کی دعوت بھی دی، جس پر مریم نواز نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو پیوٹ کے تحت زراعت، صنعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ براہ راست صوبائی روابط کے ذریعے صنعتی تعاون اور ترقیاتی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
ملاقات کے دوران جی ایس پی پلس سہولت اور یورپی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی برآمدات اور پنجاب کی صنعتی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ یورپی یونین پاکستان کی سب سے بڑی تجارتی شراکت دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، ملبوسات، کھیلوں کے سامان اور چمڑے کی صنعت کے لیے یورپی منڈیوں تک ترجیحی رسائی ضروری ہے۔ نئے جی ایس پی پلس نظام کے تقاضوں پر پورا اترنا پاکستان کے برآمدی مستقبل کے لیے اہم ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے جی ایس پی پلس کے مستقبل کے حوالے سے فرانس کے ساتھ مسلسل سفارتی رابطوں اور مؤثر مکالمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فرانس ماضی میں بھی وزارتی سطح پر پاکستان کے اس تجارتی اسٹیٹس کی حمایت کر چکا ہے۔ یورپی یونین میں پاکستان کے تجارتی مفادات کے تحفظ کے لیے فرانسیسی تعاون اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
مریم نواز شریف کے مطابق مالی سال 2025-26 میں پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات کا حجم تقریباً 8.96 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ فرانس کے ساتھ تجارتی اور صنعتی تعاون مزید بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب میں این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنوں اور گرڈ اسٹیشنوں کے لیے 180 ملین یورو کا قرض فراہم کرنے پر فرانس کا شکریہ ادا کیا اور صوبے کے بڑے شہروں میں اربن ویسٹ واٹر گورننس منصوبے میں فرانسیسی سرمایہ کاروں کو شراکت داری کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ فرانسیسی ڈیری، فوڈ پروسیسنگ اور کولڈ چین کمپنیاں زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں، جبکہ فرانسیسی یوٹیلیٹی کمپنیاں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت پانی، سیوریج اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبوں میں کردار ادا کر سکتی ہیں۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ فرانسیسی توانائی کمپنیاں صنعتی علاقوں میں شمسی توانائی، گرڈ اور توانائی کی بچت کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں، جبکہ فرانسیسی ادارے پنجاب کی افرادی قوت کو جدید صنعتی تقاضوں کے مطابق تربیت دینے میں بھی معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔
ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور انہیں طویل المدتی ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دونوں ممالک دہائیوں پر محیط دوستی کے رشتے میں بندھے ہیں اور معاشی تعاون میں اضافے سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے 1789 کے فرانسیسی اعلامیہ حقوقِ انسان کی آزادی، مساوات اور انسانی وقار کے حوالے سے اہمیت کو بھی سراہا، جبکہ فلسطین کو تسلیم کرنے اور انصاف و مساوی حقوق کے لیے فرانس کے مؤقف کو قابل تحسین قرار دیا۔
[…] جانب محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے بھی یوم اقبال کے موقع پر صوبے بھر کے تمام سرکاری اور […]
[…] جانب فرانسیسی صدر نے یورپ میں بم دھماکوں کی دھمکیوں اور جعلی […]