اکوڑہ خٹک: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش موجودہ مسائل کا حل محاذ آرائی کے بجائے بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، حکومت تمام فریقین کے لیے مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے۔
مولانا فضل الرحمان نے اکوڑہ خٹک میں پروفیسر محمود الحق حقانی مرحوم کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ مرحوم، مولانا سمیع الحق شہید کے بھائی تھے۔
اس موقع پر مرحوم کے اہلِ خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی نے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کو تمام فریقین کے ساتھ مذاکرات کے لیے راستے کھلے رکھنے چاہئیں۔ ان کی کوشش ہے کہ تمام فریقین آئین کی طرف واپس آئیں اور اپنے معاملات آئینی حدود میں رہتے ہوئے حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے، جبکہ بامقصد مذاکرات کے لیے سازگار ماحول اور ایک دوسرے پر اعتماد کی فضا قائم کرنا ہوگی۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل کشیدگی اور محاذ آرائی میں نہیں بلکہ مذاکرات اور باہمی مشاورت میں پوشیدہ ہے، اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔