لاہور (ویب ڈیسک): سموگ کی صورتحال اور دھند کے خدشات کے پیشِ نظر پنجاب ٹریفک پولیس اور تحفظِ ماحول کے ادارے (ای پی اے) نے مشترکہ ناکہ بندی اور سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید ندیم عباس کی جانب سے تمام سی ٹی اوز اور ڈی پی اوز کو ایک مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
مشترکہ ٹیمیں اور ناکہ بندی
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ٹریفک پولیس، ای پی اے اور محکمہ ٹرانسپورٹ پر مشتمل مشترکہ چیکنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ دھواں چھوڑنے والی کسی بھی گاڑی کو سڑک پر چلنے کی اجازت نہ مل سکے۔
مراسلے کے مطابق ریت، ملبہ اور بھوسہ کھلی گاڑیوں میں لے جانے پر مکمل پابندی ہوگی اور سامان کو ترپال سے ڈھانپنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکلوں سمیت تمام گاڑیوں میں ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس، فوگ لائٹس اور انڈیکیٹرز کا فعال ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ کمرشل، ہیوی ٹرانسپورٹ، لوڈر اور ٹریکٹر ٹرالیوں پر ریفلیکٹو ٹیپس اور سٹیکرز لگانا بھی لازمی ہوگا۔
مراسلے میں تیز رفتاری، ریسنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دھند والے علاقوں میں ہیوی گاڑیوں کو روڈ شولڈر یا کیریج وے پر پارک کرنے سے روکنے اور ڈرائیوروں کو گاڑیوں میں مناسب فاصلہ رکھنے، رفتار دھیمی کرنے اور فوگ لائٹس کے استعمال سے متعلق آگاہی دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔