کوئٹہ: معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور اس عزم کے ساتھ مؤثر کارروائیاں پوری شدت سے جاری ہیں۔
بلوچستان کی سرزمین سے دہشت گردوں کے مکمل اور حتمی خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق مستونگ کے علاقوں سیاہ پشت اور کلی گشتری میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔
مستونگ میں اس بڑی کارروائی کے بعد علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے اور چھپے ہوئے عناصر کو دبوچنے کے لیے جامع کلیئرنس اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔