پی ٹی آئی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کے بجائے صوبے میں امن اور گورننس پر توجہ دے: محمد علی شاہ باچا
پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا نے پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت مختلف اضلاع کے دورے کر رہی ہے اور جہاں وہ پہنچتی ہے، وہاں دیگر سیاسی جماعتوں کو جلسے، جلوس یا احتجاج کی اجازت نہیں ملتی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس یکطرفہ صورتحال سے جمہوریت اور سیاسی عمل کو جو نقصان پہنچ رہا ہے اس کا ذمہ دار کون ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اس وقت دہشت گردی، بدامنی، خراب گورننس اور کرپشن کے سنگین مسائل کا شکار ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوان روزانہ شہید ہو رہے ہیں، روزگار اور ترقی کا پہیہ تھم چکا ہے لیکن صوبائی حکومت ان حقیقی مسائل کو حل کرنے کے بجائے نوجوانوں کو ورغلا کر ان میں نفرتیں پھیلا رہی ہے۔
عوام نے جن پر اعتماد کیا، وہ کارکردگی دکھانے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔
پی پی پی رہنما نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی یا مرکزی حکومت کا صوبے میں ایمرجنسی، گورنر راج یا کسی سیاسی مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں۔ پی ٹی آئی من گھڑت تاثر قائم کرنے کے بجائے صوبے سے کرپشن و دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کی فلاح و بہبود پر اپنی توجہ مرکوز کرے۔