Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

فورٹ ہُڈ فائرنگ کے مجرم نضال حسن کی سزائے موت کی صدارتی منظوری، سزائے موت لائیو نشر کی جائے گی

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے تصدیق کی ہے کہ 2009 میں فورٹ ہُڈ کے فوجی اڈے پر 13 غیر مسلح امریکی اہلکاروں کو قتل کرنے والے سابق میجر و معالج نضال حسن ملک کی سزائے موت کی منظوری صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دے دی ہے۔

 

امریکی تاریخ میں دہائیوں بعد فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے پہلی فوجی سزائے موت؛ پینٹاگون کا عوامی سطح پر براہِ راست نشریات کا متنازعہ فیصلہ

 

پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل کے مطابق، وزیرِ دفاع  پیٹ ہیگستھ کی سفارش پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد یہ فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے دی جانے والی پہلی فوجی سزائے موت ہوگی، جبکہ 60 سال سے زائد عرصے میں امریکی فوج کا پہلا سزائے موت کا حکم ہے۔

 

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے قدامت پسند ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ نضال حسن کو سزائے موت فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے دی جائے گی اور اسے عوامی سطح پر لائیو نشر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں لوگ اسے دیکھیں تاکہ دنیا کو پیغام ملے کہ اس نوعیت کے سنگین اقدامات کے نتائج انتہائی شدید ہوتے ہیں۔

 

دوسری جانب، سزائے موت کے قانونی ماہرین اور وکیل جان ملز نے سزائے موت کی کارروائی کو براہِ راست نشر کرنے کے فیصلے کو قانونی طور پر متنازعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید امریکی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔

 

واضح رہے کہ 2009 میں نضال حسن نے ٹیکساس کے فورٹ ہُڈ ملٹری بیس پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 13 غیر مسلح اہلکاروں کو ہلاک اور 32 کو زخمی کر دیا تھا۔ بعد ازاں 13 رکنی ملٹری جیوری نے تمام 13 افراد کے قتلِ عمد اور 32 کے اقدامِ قتل پر انہیں متفقہ طور پر سزائے موت کی سفارش کی تھی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More