پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہماری ریڈ لائن ہے، اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا اور صوبے کو دہشتگردوں کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ خیبرپختونخوا کے عوام دہشتگردی کے خلاف لڑنے والوں کے ساتھ ہیں اور صوبے کے عوام کی حفاظت کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر 9 مئی جیسے اقدامات کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
وزیراعلیٰ کے استعفیٰ کا مطالبہ اور نااہلی کا الزام
فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے پر ایسے نااہل لوگ مسلط ہیں جنہوں نے آئین تک نہیں پڑھا۔ آئینی معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اسمبلی اجلاس جب بلانا ہوگا، وہ ضرور بلائیں گے، اس کے لیے متعلقہ لوگوں کو آئین پڑھ لینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب چاہیں چیف سیکرٹری یا آئی جی پولیس خیبرپختونخوا کو طلب کر سکتے ہیں، جبکہ صوبے میں گورنر راج نافذ کرنے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔
لانگ مارچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے طنز کیا کہ لانگ مارچ لکی ایرانی سرکس کی طرح گھوم رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مارچ کے شرکا صوابی آنے سے گریز کرتے ہیں؛ اگر ان میں ہمت ہے تو صوابی کراس کرکے دکھائیں کیونکہ صوابی ان کے لیے پل صراط ہے اور جیسے ہی ان کا رخ صوابی کی طرف ہوتا ہے وہ یوٹرن لے لیتے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ گورنر ہاؤس کی بھرپور حفاظت کرنا جانتے ہیں۔
گورنر نے ضم اضلاع (قبائلی اضلاع) میں پولیس کے نظام سے متعلق سنگین مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اب تک وہاں سات پولیس اسٹیشن بھی قائم نہیں کیے جا سکیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ وفاق کے بغیر صوبہ نہیں چل سکتا، لیکن بدقسمتی سے صوبائی حکومت بلاوجہ وفاق سے محاذ آرائی اور لڑائی کی راہ پر گامزن ہے۔
دہشتگردی کے معاملے پر پی ٹی آئی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے اہم رہنما خود کو چھپائے بیٹھے ہیں اور انہوں نے کبھی دہشتگردی کے واقعات کی کھل کر مذمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں، تاہم بعض عناصر ایسی باتیں کر رہے ہیں جو ملک دشمن قوتوں کا ایجنڈا معلوم ہوتی ہیں۔
پارلیمانی فورم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے بڑا اور کوئی فورم نہیں ہو سکتا، اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے انہیں یہی فورم فراہم کیا۔ سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ کس کا نام “طالبان خان” رکھا گیا تھا؟ موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں موجودہ حکمرانوں کے لیے ٹنل کے دوسری طرف اندھیرا ہی اندھیرا نظر آ رہا ہے۔ آخر میں انہوں نے عزم دہرایا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھیں گے
[…] کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے معاملے پر آئینی و قانونی آپشنز کو حتمی شکل دینے کے […]
[…] سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں […]
[…] فیصل کریم کنڈی نے اپنے پیغام میں زور دے کر کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام بنیادی طور پر امن پسند ہیں اور وہ دہشت گردی یا کسی بھی پُرتشدد کارروائی کی ہرگز حمایت نہیں کرتے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگے فساد سے مکمل اجتناب کریں۔ […]