سب ٹائٹل: 13 لاکھ سے زائد نوجوانوں کی رجسٹریشن، کامیاب امیدواروں کو 3 ہزار روپے ماہانہ اقساط پر ای بائیکس ملیں گی، طالبات کو مفت ڈرائیونگ تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم ای بائیکس سکیم پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تمام مراحل جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق سکیم میں اب تک 13 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جبکہ 6 لاکھ 7 ہزار سے زیادہ درخواستیں جمع ہو چکی ہیں۔
سکیم کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے ایک لاکھ خوش نصیب نوجوانوں کو ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔
کامیاب اور مستحق امیدواروں کو صرف 3 ہزار روپے ماہانہ کی آسان اقساط ادا کرنا ہوں گی، جبکہ بائیکس پر عائد سود کی ادائیگی حکومت پنجاب کرے گی۔
حکومت پنجاب نے طالبات کی سہولت کو بھی سکیم کا اہم حصہ بنایا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر کامیاب طالبات کو مفت ڈرائیونگ تربیت فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے گا، تاکہ وہ محفوظ طریقے سے کالجوں اور یونیورسٹیوں تک پہنچ سکیں۔
مریم نواز شریف کے مطابق نوجوانوں، خصوصاً طالبات کو سفری سہولیات فراہم کرنا اور تعلیم کے حصول میں حائل مشکلات کم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ای بائیکس کی فراہمی سے طالبات کے لیے آمدورفت آسان ہوگی اور ماہانہ سفری اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے ضروری وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔