آئی جی ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی زیر صدارت اجلاس، نان سی پیک منصوبوں، کاروباری مراکز اور کان کنی کے مقامات پر حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی ہدایت، خلاف ورزی پر این او سی منسوخ کرنے کا فیصلہ۔
انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی زیر صدارت اجلاس میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،
جس میں تحفظ کے انتظامات مزید مؤثر بنانے اور سکیورٹی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے دوران نان سی پیک منصوبوں، کاروباری سرگرمیوں اور کان کنی کے مقامات پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی۔ حکام کو سکیورٹی آڈٹ اور ممکنہ خطرات کا جائزہ مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی تاکہ غیر ملکی شہریوں کو درپیش خطرات کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
آئی جی پولیس نے چیک پوسٹوں پر نگرانی بڑھانے اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں غیر ملکی شہریوں کی نقل و حرکت سے متعلق پیشگی اطلاع دینا بھی لازمی قرار دیا گیا۔
حکام کو ہدایت کی گئی کہ سکیورٹی سے متعلق قانونی تقاضوں اور مقررہ شرائط کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ این او سی منسوخ کرنے سمیت ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے واضح کیا کہ غیر ملکی شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور سکیورٹی معاملات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔