امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ کیٹی زکریا پیر سے وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکرٹری کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جبکہ ان کی پہلی تعارفی پریس بریفنگ منگل کی صبح ساڑھے 9 بجے مقرر کی گئی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے این پی آر کے مطابق ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی، وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن جماعت کو ممکنہ نقصان سے بچانے کی کوششیں اور صحافیوں کے ساتھ انتظامیہ کے اختلافات نئی پریس سیکرٹری کے لیے اہم چیلنجز ہوں گے۔
کیٹی زکریا کا تعارف
41 سالہ کیٹی زکریا پیشے کے اعتبار سے وکیل اور چار بچوں کی والدہ ہیں۔ انہوں نے پیپرڈائن یونیورسٹی کے کاروسو اسکول آف لا سے تعلیم حاصل کی اور 2011 میں قانون کی ڈگری حاصل کی۔
وہ مختلف قدامت پسند تنظیموں کے ساتھ کام کرچکی ہیں اور اسقاطِ حمل کی مخالفت کرنے والی ایک تنظیم کے مشاورتی بورڈ میں بھی شامل رہی ہیں۔
کیٹی زکریا امریکی محکمہ داخلی سلامتی میں عوامی امور کی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری اور ترجمان کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ حال ہی میں وہ ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ میں سینئر مواصلاتی مشیر کے عہدے پر فائز تھیں، جو صدر ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل کا انتظام کرتا ہے۔
این پی آر کے مطابق وہ فاکس نیوز اور نیوزمیکس پر سیاسی مبصر کے طور پر بھی شرکت کرتی رہی ہیں، جہاں انہوں نے صدر ٹرمپ کی حمایت میں اظہارِ خیال کیا۔