شہیدِ ملت لیاقت علی خان قائداعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھی اور قیامِ پاکستان کی جدوجہد کے اہم رہنما تھے۔ سیاسی بصیرت، اصول پسندی اور قومی خدمات کے اعتراف میں انہیں ’’قائدِ ملت‘‘ کا خطاب دیا گیا۔
کراچی: پاکستان کے پہلے وزیراعظم اور تحریکِ پاکستان کے عظیم رہنما نوابزادہ لیاقت علی خان کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔
لیاقت علی خان یکم اکتوبر 1896ء کو کرنال میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور تحریکِ پاکستان میں قائداعظم کے شانہ بشانہ اہم کردار ادا کیا۔
16 اکتوبر 1951ء کو راولپنڈی کے کمپنی باغ میں ایک جلسے کے دوران انہیں فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔ بعدازاں اس مقام کو ان کے نام سے ’’لیاقت باغ‘‘ قرار دیا گیا۔ ان کے آخری الفاظ ’’خدا پاکستان کی حفاظت کرے‘‘ آج بھی قومی تاریخ میں یاد کیے جاتے ہیں۔
شہیدِ ملت لیاقت علی خان کی قومی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔