اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سول ایوی ایشن کے جاری منصوبوں پر کام تیز کرنے اور عالمی حفاظتی و آپریشنل معیارات کی پاسداری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت سول ایوی ایشن سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ادارے کے آپریشنل نظام، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور فضائی رابطوں کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
عالمی حفاظتی و آپریشنل معیارات پر عملدرآمد یقینی بنانے اور بین الاقوامی پروازوں کے روٹس میں توسیع پر زور
ترجمان کے مطابق اجلاس میں موجودہ انفراسٹرکچر کی ترقی اور اپ گریڈیشن کے ساتھ بین الاقوامی پروازوں کے روٹس میں توسیع کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے تجارت اور سیاحت کے فروغ میں جدید سول ایوی ایشن کی تزویراتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔
نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ سول ایوی ایشن کے نظام میں بہتری کے لیے عالمی حفاظتی اور آپریشنل معیارات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ فضائی آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔