Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

 کوہاٹ پولیس لائنز حملے کا ماسٹر مائنڈ زاہد گل ہلاک، سی ٹی ڈی کا دعویٰ

لکی مروت: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سکیورٹی فورسز نے ایف آر لکی مروت میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ دہشت گرد زاہد گل کو ہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق آپریشن کے دوران خوارجی گل بہادر گروپ کا اہم کمانڈر زاہد گل مارا گیا، جو کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے میں مرکزی کردار ادا کرنے کے علاوہ دہشت گردی کے متعدد سنگین واقعات میں بھی مطلوب تھا۔

  لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن، ہلاک دہشت گرد متعدد حملوں اور بینک ڈکیتی میں بھی مطلوب تھا

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل نے کوہاٹ پولیس لائنز حملے میں خودکش بارود سے بھری گاڑی کی رہنمائی کی تھی۔ وہ بلی تنگ بینک ڈکیتی میں بھی ملوث تھا، جہاں سے 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔ حکام کے مطابق ڈکیتی کی رقم بنوں کی دہشت گرد تنظیموں میں تقسیم کی گئی تھی۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد گل بہادر گروپ سے قریبی رابطے میں تھا اور کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کی ترسیل میں ملوث رہا۔ دو ماہ قبل بھی وہ نئی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کے لیے خودکش حملہ آور لایا تھا، تاہم یہ کوشش ناکام بنادی گئی تھی۔

ترجمان کے مطابق دہشت گرد کے ممکنہ اگلے اہداف میں کوہاٹ میں پی اے ایف کا سیٹ اپ اور پولیس ٹریننگ اسکول شامل تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد نیٹ ورک کے دیگر کارندے پہلے ہی سکیورٹی اداروں کی حراست میں ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More