ماسکو: افغانستان میں پاکستان کے سابق سفیر سید ابرار حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیاں پاکستان اور پورے خطے کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین کسی بھی ہمسایہ ملک، بالخصوص پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کے وعدے پر مؤثر اور قابلِ تصدیق عمل کرے۔
ماسکو میں وسطی ایشیا اور افغانستان کی سلامتی سے متعلق سی ایس ٹی او، سی آئی ایس اور شنگھائی تعاون تنظیم کی مشترکہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید ابرار حسین نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، کیونکہ وہاں کی صورتحال براہِ راست پاکستان اور پورے خطے کو متاثر کرتی ہے۔
سید ابرار حسین کا دہشت گرد گروہوں کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی پر زور، ماسکو کانفرنس میں علاقائی سلامتی اور تعاون پر اہم گفتگو
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان جغرافیے، تاریخ، مذہب، ثقافت اور عوامی روابط کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان نے کئی دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی اور مشکل حالات میں افغان عوام کی مدد کی۔ تاہم افغانستان میں طویل جنگ اور عدم استحکام کے باعث پاکستان کو بھی بھاری جانی اور اقتصادی نقصان اٹھانا پڑا۔
سابق پاکستانی سفیر کے مطابق اگست 2021ء میں افغانستان میں حکومت کی تبدیلی کے بعد پاکستان کو توقع تھی کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، لیکن تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر دہشت گرد عناصر کی سرگرمیاں بدستور تشویش کا باعث ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ افغان حکام کے ساتھ دہشت گردی کا معاملہ مسلسل اٹھایا جاتا رہا ہے، تاہم اب ایسے عملی اقدامات کی ضرورت ہے جن کے نتائج زمینی سطح پر بھی نظر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو کسی سیاسی، مذہبی یا نظریاتی بنیاد پر جائز قرار نہیں دیا جاسکتا اور دہشت گرد گروہوں کے درمیان امتیاز پورے خطے کی اجتماعی سلامتی کو نقصان پہنچائے گا۔
سید ابرار حسین نے دہشت گرد تنظیموں، منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی اسلحے اور سرحد پار منظم جرائم کے خلاف مربوط علاقائی حکمت عملی اپنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان کو تنہا کرنے کے حق میں نہیں اور بامقصد و تعمیری روابط کی حمایت کرتا ہے، تاہم ان روابط کے ساتھ افغان عبوری حکومت کو اپنی ذمہ داریاں بھی پوری کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن قائم ہونے سے وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان تجارت، ٹرانزٹ، توانائی اور مواصلاتی رابطوں کے وسیع امکانات پیدا ہوسکتے ہیں، لیکن ان منصوبوں کی کامیابی کے لیے امن و سلامتی بنیادی شرط ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے افغانستان کو علاقائی تعاون کے نظام میں شامل کرنے اور افغان حکام کے ساتھ عملی روابط جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی بات کی۔
دوسری جانب افغانستان کے سفیر حسن گل حسن نے افغان عبوری حکومت کا مؤقف پیش کرتے ہوئے ملک میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی سے متعلق الزامات مسترد کیے اور علاقائی ممالک کے ساتھ سرحدی سلامتی، اقتصادی ترقی اور رابطہ کاری میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
کانفرنس میں روسی صدر کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان ضمیر کابلوف، علاقائی تنظیموں کے اعلیٰ حکام، سفارت کاروں، سکیورٹی ماہرین اور مختلف ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔
[…] پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے۔ ان کی جگہ جدہ میں او آئی سی کے لیے پاکستان کے مستقل نمائندے فواد شیر اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ […]
[…] پاکستانی سفارت کاری کے تناظر میں ان رابطوں کو علاقائی صورتحال پر مشاورت، مذاکرات کے فروغ اور برادر اسلامی ممالک کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ […]
[…] اے میں سری لنکا اے، بنگلادیش اے، افغانستان اے اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں […]
[…] ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں […]