اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی اور مصری وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں خطے کی صورتحال، علاقائی مسائل کے حل اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ کے درمیان گفتگو میں خطے کی تازہ صورتحال اور او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو میں پاکستان، مصر، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان آر فور (R4) فریم ورک کے تحت تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی امور پر مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے آر فور فریم ورک کا اجلاس جلد منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔
پاکستانی سفارت کاری کے تناظر میں ان رابطوں کو علاقائی صورتحال پر مشاورت، مذاکرات کے فروغ اور برادر اسلامی ممالک کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
[…] سعود بن عبدالرحمان آل ثانی کے مطابق ایران کے ساتھ جنگ کے دوران مشترکہ دفاعی مہارت اور طویل عرصے […]