Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

امریکا اور کینیڈا میں یومِ سیاہ کشمیر کی تقریبات، بھارتی اقدامات کے خلاف آواز بلند

واشنگٹن: یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر امریکا اور کینیڈا میں پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کے زیرِ اہتمام تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں بھارت کے غیر قانونی تسلط اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا۔ نیویارک میں پاکستانی قونصل خانے میں بھی یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے واشنگٹن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی قومی شناخت اور وقار کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔

سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کو جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی مداخلت تاریخ کا ایک المناک باب ہے، جس کے اثرات آج بھی علاقائی امن سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ریاستی جبر کی مذمت کرتے ہوئے مسئلے کے منصفانہ حل پر زور دیا۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر منانے کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے عزم کی تجدید کرنا ہے۔ ان کے مطابق کشمیری عوام کی جدوجہد کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت پاکستان کی قومی تاریخ کا اہم حصہ ہے۔

دوسری جانب کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمیشن اوٹاوا اور ٹورنٹو، مونٹریال اور وینکوور میں پاکستانی قونصلر مشنز کے زیرِ اہتمام بھی تقریبات منعقد ہوئیں۔

ان کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اظہار کرنا تھا۔

اوٹاوا میں منعقدہ تقریب کے دوران دستاویزی فلم اور تصویری نمائش پیش کی گئی، جبکہ انسانی حقوق کے حامیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں شہریوں کو درپیش مشکلات اور انسانی حقوق کی صورتحال پر روشنی ڈالی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] امریکا کی جانب سے ایرانی میڈیا کے اس دعوے پر تاحال کوئی […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More