کیف: یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے الزام عائد کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن یوکرین کو مکمل طور پر تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ روز یوکرین پر ایک ہزار ڈرونز سے حملے کیے گئے۔
زیلنسکی نے کہا کہ امریکا کا مؤقف ہے کہ ان کے ساتھ بات چیت کرنا مشکل، جبکہ پوتن کے ساتھ معاملات طے کرنا نسبتاً آسان ہے۔
یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ روسی قیادت یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام نہیں کرتی اور نہ ہی اسے ایک آزاد ملک اور قوم کے طور پر تسلیم کرتی ہے۔
گزشتہ روز یوکرین پر ایک ہزار ڈرون حملوں کا دعویٰ، روسی صدر یوکرین کی خودمختاری تسلیم نہیں کرتے، یوکرینی صدر
انہوں نے کہا کہ یہ سمجھنا غلط ہوگا کہ پوتن کا مقصد صرف مشرقی یوکرین پر قبضہ کرنا ہے۔ اگر روسی صدر صرف ڈونباس پر کنٹرول چاہتے ہیں تو پھر روس نے کیف پر قبضے کی کوشش کیوں کی؟ کیف ڈونباس میں نہیں بلکہ یوکرین کا دارالحکومت ہے۔
زیلنسکی کے مطابق دارالحکومت کے بغیر ریاست کا وجود برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یوکرین تباہ ہوا تو دو کروڑ شہری یورپ منتقل ہونے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
یوکرینی صدر نے ایک بار پھر الزام دہرایا کہ روسی صدر کا اصل مقصد یوکرین کا مکمل خاتمہ ہے۔