گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہونے کے باوجود ملک اس کے منفی اثرات سے شدید متاثر ہو رہا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے سوئٹزرلینڈ کی حکومت کے تعاون کا خواہاں ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر سٹیفن رے سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، موسمیاتی تبدیلی، تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر اسامہ قیصر خان بھی موجود تھے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سیلاب اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون اہمیت رکھتا ہے۔
سردار سلیم حیدر خان سے سوئس سفیر کی ملاقات، تجارت، تعلیم، آئی ٹی اور سائنسی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان سائنسدانوں اور طلبا کے تبادلوں کے پروگرام شروع کرنے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی سوئس کمپنیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سوئس سرمایہ کار انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر سوئس سفیر سٹیفن رے نے کہا کہ پاکستانی عوام مہمان نواز ہیں اور پاکستان جغرافیائی لحاظ سے اہم مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ پاکستان کے ساتھ تجارت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
سوئس سفیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے سائنسدانوں کے درمیان وفود کے تبادلے بھی کیے جائیں گے، جس سے سائنسی روابط اور باہمی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔