Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

خیبر پختونخوا کی معدنیات عوام کی ملکیت ہیں اور رہیں گی، طارق فضل چودھری

 اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ اور متاثرہ اضلاع میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا ہے، صوبے کی معدنیات عوام کی ملکیت ہیں اور عوام ہی کی رہیں گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے 12 متاثرہ اضلاع سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھی تیزی لائی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں سے آبادی کی نقل مکانی نہیں ہوگی اور ان اضلاع میں صوبائی حکومت کی عمل داری یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے ایمرجنسی کے نفاذ کو معدنیات سے جوڑنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو اس انداز میں پیش کرنا قابلِ مذمت ہے۔

طارق فضل چودھری نے واضح کیا کہ معدنیات کے لائسنسز کے اجرا سے متعلق شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو نقصان پہنچانے کے بجائے امن کے قیام کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کی جانی چاہیے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت نے کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ محمود اچکزئی کے معاملے پر اپوزیشن میں اختلافات پائے جاتے ہیں اور ان کے بقول اپوزیشن کی اکثریت انہیں اپوزیشن لیڈر کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتی۔ انہوں نے محمود اچکزئی سے مطالبہ کیا کہ وہ پارلیمنٹ میں آ کر اپنی پوزیشن واضح کریں۔

طارق فضل چودھری نے مولانا فضل الرحمان پر بھی زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوئے اور حکومت بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور کا مزید کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن سنجیدگی کے ساتھ بامقصد مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو حکومت اس کا خیرمقدم کرے گی۔

 

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More