اسلام آباد: سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے، جس میں اب صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کی عازمینِ حج کو 20 اکتوبر تک ادائیگی مکمل کرنے اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنے کی ہدایت۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک واجبات کی ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ حج درخواست منسوخ ہونے سے بچ سکے۔
ترجمان کے مطابق عازمینِ حج نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے ادائیگی کر سکتے ہیں۔ حج پورٹل پر بینک کارڈ، ون لنک اور دستی بینک چالان کے ذریعے رقم جمع کرانے کی سہولت دستیاب ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے عازمین کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی تصدیق بھی لازمی قرار دی ہے۔ عازمین کو حج پورٹل سے سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کرکے ڈاکٹر سے تصدیق کروانے اور بعد ازاں تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔