اسلام آباد: پاکستان کو قطر سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کا دوسرا کارگو موصول ہوگیا، جس کے بعد سسٹم میں گیس کی فراہمی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع وزارت توانائی کے مطابق اکتوبر کے دوران اب تک قطر سے ایل این جی کے دو کارگوز پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
حکومت کی کوشش ہے کہ مہنگی اسپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی خریدنے سے گریز کیا جائے تاکہ گیس کی درآمدی لاگت کو کم رکھا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طویل مدتی معاہدے کے تحت قطر سے ملنے والی ایل این جی کی قیمت اسپاٹ مارکیٹ کے مقابلے میں تقریباً نصف ہے۔ معاہدے کے تحت قطری گیس کی قیمت 14 سے 15 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہے، جبکہ اسپاٹ مارکیٹ میں یہی قیمت 30 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ چکی ہے۔
ذرائع وزارت توانائی کے مطابق قطری معاہدے کے تحت ایل این جی کی فراہمی مہنگی اسپاٹ خریداری سے بچنے اور گیس کی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے رہی ہے۔