جامعہ گوادر اور چیمبر آف کامرس میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق، طلبہ کو انٹرن شپ اور ملازمتوں کے مواقع ملیں گے
گوادر: جامعہ گوادر اور گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے طلبہ کی پیشہ ورانہ تربیت، صنعتی شعبے میں شمولیت اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس حوالے سے جامعہ گوادر کے شعبۂ کامرس کے چیئرپرسن زین العابدین نے گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر میر نوید کلمتی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تعلیمی ادارے اور کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو وسعت دینے اور طلبہ کو عملی میدان کے تقاضوں سے روشناس کرانے کے امور زیرِ بحث آئے۔
ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو باقاعدہ شکل دینے کے لیے جلد یادداشتِ مفاہمت (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے۔
مجوزہ معاہدے کے تحت طلبہ کے لیے انٹرن شپ، عملی تربیت اور صنعتی و تجارتی اداروں میں کام سیکھنے کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ علمی و تحقیقی تجربات کے تبادلے اور جامعہ کے نصاب کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی، تاکہ فارغ التحصیل طلبہ کو ملازمت کے حصول میں سہولت مل سکے۔
ملاقات میں نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے، اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی اور نئے کاروباری منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری و فنڈنگ کے امکانات تلاش کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
دونوں اداروں کے درمیان مجوزہ تعاون کا مقصد تعلیم اور صنعت کے مابین رابطوں کو مضبوط بنانا، نوجوانوں کو عملی تجربہ فراہم کرنا اور گوادر میں کاروباری و پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔