Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان میں پولیو کے خاتمے کی امید روشن، وزیر اعلیٰ نے کس بات کو ناگزیر قرار دے دیا؟

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ انسدادِ پولیو کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان میں نومبر 2024 کے بعد پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہ ہونا ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے، تاہم وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل نگرانی اور مؤثر اقدامات جاری رکھنا ضروری ہے۔

بلوچستان میں نومبر 2024 کے بعد پولیو کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا، میر سرفراز بگٹی

 

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیو کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابی کو برقرار رکھنے کے لیے سخت مانیٹرنگ، مؤثر حکمت عملی اور بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ماحولیاتی نمونوں کی باقاعدہ جانچ اور زیادہ خطرے والے علاقوں کی کڑی نگرانی کے ذریعے وائرس کی ممکنہ موجودگی کا بروقت سراغ لگایا جائے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ پولیو سے بچاؤ ممکن ہے، اس لیے والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو ہر پولیو مہم کے دوران حفاظتی قطرے لازمی پلوائیں اور کسی بھی بچے کو ویکسین سے محروم نہ رہنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ صرف حکومتی کوششوں سے ممکن نہیں بلکہ اس مقصد کے لیے والدین، معاشرے کے تمام طبقات اور متعلقہ اداروں کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ علمائے کرام، قبائلی عمائدین، اساتذہ اور ذرائع ابلاغ بھی عوام میں آگاہی پیدا کرنے اور پولیو ویکسین کی اہمیت اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

میر سرفراز بگٹی نے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشوار گزار علاقوں میں بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لیے ان کی محنت اور لگن قابلِ تحسین ہے۔ ان کی کوششیں بچوں کو ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو وائرس کی کسی بھی ممکنہ موجودگی پر فوری ردعمل، ویکسینیشن مہمات کے معیار کو بہتر بنانے اور مؤثر نگرانی کے نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ویکسینیشن، نگرانی اور عوامی تعاون کی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ ہر بچے کو پولیو سے محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More