کوئٹہ: شہر کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کے غیر معمولی اور بھاری بھرکم بلوں نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ گیس کا معمولی استعمال کرنے کے باوجود ہزاروں روپے کے بل موصول ہو رہے ہیں، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
متاثرہ شہریوں کے مطابق بعض صارفین کو 17 سے 18 ہزار روپے تک کے بل بھیجے گئے ہیں
، جبکہ بعض بلوں میں صرف 2 یونٹ استعمال پر تقریباً 18 ہزار روپے، 50 یونٹ پر 18 ہزار روپے سے زائد اور 65 یونٹ استعمال کرنے پر بھی غیر معمولی رقم درج ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب گیس کا استعمال اتنا کم ہے تو بلوں میں اتنی بھاری رقوم کس بنیاد پر وصول کی جا رہی ہیں؟
صارفین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوں میں درج یونٹس، ٹیرف، ٹیکسز اور دیگر چارجز کی جانچ کرکے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔
ایک طرف مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات نے عام آدمی کی زندگی دشوار بنا رکھی ہے، تو دوسری جانب بھاری بھرکم گیس بلوں نے گھریلو بجٹ کو مزید متاثر کر دیا ہے۔ شہریوں کے مطابق بنیادی ضروریات پوری کرنا پہلے ہی مشکل ہو چکا ہے، ایسے میں ہزاروں روپے کے بل ادا کرنا ان کے لیے بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔
عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور سوئی گیس کے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کی شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے، موصول ہونے والے غیر معمولی بلوں کی شفاف جانچ کی جائے اور اگر بلوں میں کوئی غلطی یا غیر ضروری چارجز شامل ہیں تو انہیں درست کرکے صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر نظام ہونا چاہیے تاکہ عوام کو غیر معمولی بلوں کی ادائیگی کے بوجھ سے بچایا جا سکے۔