لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صوبے کو پولیو سے مکمل پاک کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے والدین اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں قوم کے ہیرو قرار دیا اور کہا کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے والدین، طبی عملے اور معاشرے کے ہر فرد کا تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے بچوں کی صحت اور زندگی کے تحفظ کا مؤثر ذریعہ ہیں، جبکہ ویکسین پلانے سے انکار بچوں کے محفوظ مستقبل کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ والدین پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران ویکسین کے دو قطرے ضرور پلوائیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے رواں سال پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور محکمہ صحت وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے سرگرم ہیں اور لاہور سمیت مختلف اضلاع میں انسدادِ پولیو مہمات باقاعدگی سے جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے کے 13 حساس اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جبکہ وائرس کی موجودگی اور پھیلاؤ کا پتا لگانے کے لیے ماحولیاتی نمونوں کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے منتخب اضلاع میں 2 سے 8 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والی ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مہم کو مؤثر بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ ٹیمیں، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر نگرانی اور انتظامی امور انجام دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے خبردار کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل جدوجہد اور احتیاط ضروری ہے، کیونکہ معمولی غفلت بھی وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔
مریم نواز شریف نے والدین، پولیو ورکرز، طبی عملے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا کر ایک صحت مند اور محفوظ معاشرے کی بنیاد مضبوط کی جا سکے۔
[…] نے کہا کہ پنجاب میں ای بزنس کو فروغ دیا جا رہا ہے اور کاروباری سرگرمیوں […]