پنجاب میں ایک سال کے دوران 4 لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا، کاروبار کیلئے مالی معاونت فراہم کی: مریم نواز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں، گزشتہ ایک سال کے دوران 4 لاکھ نوجوانوں کو فنی مہارتیں فراہم کی گئیں جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مالی معاونت بھی دی گئی۔
لاہور میں پنجاب انوویشن فار ویلیو، آپرچیونٹی اینڈ ٹرانسفارمیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور ملکی معیشت میں اس کا اہم کردار ہے۔ قومی جی ڈی پی میں پنجاب کا نمایاں حصہ ہے جبکہ فارماسیوٹیکل انڈسٹری بھی تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور صنعت سمیت ہر شعبے میں جدت آرہی ہے، ایسے میں کوئی بھی ملک بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔
نوجوانوں کی بڑی آبادی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، جسے درست تربیت فراہم کرکے معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ای بزنس کو فروغ دیا جا رہا ہے اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول، امن و امان اور تاجروں کو ذہنی سکون فراہم کرنا ضروری ہے، کیونکہ بدامنی اور غیر یقینی صورتحال میں معاشی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ماحولیاتی تحفظ ضروری ہے، تاہم اس کی آڑ میں صنعتیں بند کرنا مناسب نہیں، بلکہ کارخانوں کو ماحول دوست بنانا اور ان کی مؤثر نگرانی کرنا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کر رہی ہے جبکہ پرواز کارڈ کے ذریعے بیرون ملک روزگار کے خواہشمند نوجوانوں کو سہولیات دی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، تجاوزات کے خاتمے سے بازاروں کو کشادہ کیا گیا اور 25 سال سے قائم غیر قانونی قبضے ختم کرائے گئے ہیں۔
مریم نواز نے سرکاری محکموں میں بدعنوانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پٹواریوں اور تحصیل داروں کی کرپشن ایک مسئلہ ہے، جبکہ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں بھی کرپشن کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس نوجوانوں کی بڑی تعداد اور محنتی افرادی قوت موجود ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کو صنعتی ضروریات کے مطابق تربیت دی جائے، کاروبار کے لیے بہتر ماحول فراہم کیا جائے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔
[…] پنجاب کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو بلا خوف و خطر اپنے فرائض […]