Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

صحافیوں کی آواز دبانے کی کوشش بنیادی حقوق پر حملہ ہے، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صحافیوں کو دھمکیاں دینے، تشدد اور ہراساں کرنے کے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں، حق اور سچ کی آواز بلند کرنے والے صحافیوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔

صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہیں، جو حقائق سامنے لا کر عوام کی آواز بنتے ہیں۔

سچائی کے لیے جدوجہد کرنے والے صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دینے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ضروری ہے، جبکہ آزادی صحافت اور آزادی اظہار جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے، صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ ظلم، ناانصافی اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے والے صحافی معاشرے کے ہیرو ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ آزادی صحافت کے تحفظ کی ضامن ہیں اور بے گھر صحافیوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔ سچائی کی آواز دبانے کی کوشش درحقیقت بنیادی انسانی حقوق پر حملہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں صحافیوں اور صحافت کے تحفظ کے لیے حکومت پرعزم ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صوبے میں قتل اور تشدد کے واقعات نہیں ہوئے اور آئندہ بھی ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جائے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More