احسن اقبال کا پائیدار ترقی کیلئے پالیسیوں کے تسلسل پر زور، جدید ٹیکنالوجی اپنانے کو ناگزیر قرار دیا.
اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان صنعتی ترقی، معاشی استحکام اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے، تاہم ملک کی پائیدار ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے۔
اسلام آباد میں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام 29ویں پائیدار ترقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دنیا میں تیزی سے بدلتے سیاسی اور معاشی حالات کے باعث ترقیاتی ترجیحات کا ازسرنو جائزہ لینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات اور یوکرین جنگ کے اثرات عالمی معیشت سمیت توانائی اور غذائی اجناس کی قیمتوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے وژن 2025 کے تحت چوتھے صنعتی انقلاب سے ہم آہنگ ہونے کی تیاری شروع کر دی تھی،
جبکہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ اور صنعتی شعبے میں تبدیلیاں ملکی ترقیاتی حکمت عملی کے بنیادی ستون ہیں۔