کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو ووٹ دیا، لیکن ہمارا مینڈیٹ چوری کرکے قبضہ میئر مسلط کر دیا گیا۔
گودھرا کالونی میں ماڈل اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤنز میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور ٹاؤن چیئرمین محدود اختیارات کے باوجود اپنی استعداد سے بڑھ کر کام کر رہے ہیں، جبکہ ان کے بقول کراچی کے میئر نے اختیارات روک رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی طویل عرصے سے عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف بھی آواز اٹھا رہی ہے۔ ملک میں ڈھائی کروڑ افراد موٹرسائیکل استعمال کرتے ہیں، پیٹرول کی قیمت کم ہونے سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود گندم کے بحران کا شکار ہے۔
ان کے مطابق پہلے مقامی گندم کو نقصان پہنچایا جاتا ہے، پھر بحران پیدا کرکے گندم درآمد کی جاتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے گیس لوڈشیڈنگ سے گھریلو خواتین کو درپیش مشکلات اور آئی پی پیز کے معاملے پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے اور جماعت اسلامی عوامی مسائل کے خلاف لانگ مارچ کی تیاری کر رہی ہے، جس کے لیے اسلام آباد جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ صوبائی حکومت کی سرپرستی میں زمینوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں۔
[…] اسلام آباد میں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام 29ویں پائیدار ترقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دنیا میں تیزی سے بدلتے سیاسی اور معاشی حالات کے باعث ترقیاتی ترجیحات کا ازسرنو جائزہ لینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ […]