اسلام آباد: وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید فنڈز فراہم کرنے پر آمادہ ہے، جبکہ صوبے کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے تحت ایک فیصد اضافی حصہ بھی دیا جا رہا ہے۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کو این ایف سی کے تحت دیگر صوبوں کے مقابلے میں اضافی رقم ملتی ہے اور اس مد میں ساڑھے 8 ارب روپے پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق فاٹا کے آڈٹ کا عمل صوبائی حکومت کے تعاون سے مکمل ہو چکا ہے، تاہم آڈٹ رپورٹ پر محکمہ جاتی اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) کا ایک اجلاس ابھی باقی ہے۔ یہ اجلاس مکمل ہونے کے بعد رپورٹ سیفران کمیٹی میں پیش کی جائے گی۔
وزیر مملکت کے مطابق سیفران کمیٹی نے ہی مزید فنڈز جاری نہ کرنے کی ہدایت دی تھی
، تاہم وفاقی حکومت دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کی ضروریات کے پیش نظر مزید مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔