Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پنجاب میں سموگ کے خاتمے، گرین انرجی اور معاشی ترقی کیلئے پاک چین تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات، سی پیک، معاشی ترقی، ماحولیاتی تحفظ، ٹیکنالوجی، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ باہمی اعتماد، محبت اور نسل در نسل دوستی پر قائم ہیں۔ انہوں نے سی پیک کو دونوں ممالک کی دوستی کا تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

سینئر صوبائی وزیر کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں 2029 تک کاروبار دوست معاشی تبدیلی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

 

برآمدات میں اضافے، مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چین کے تعاون سے آئندہ سال بین الاقوامی معیار کی ایئر کوالٹی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ پنجاب میں فضائی آلودگی کی نگرانی کیلئے ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز کی تعداد 69 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ اسے 100 تک بڑھانے کا ہدف ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بیجنگ کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پنجاب میں سموگ پر قابو پانے کیلئے سال بھر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ماحول دوست ٹیکنالوجی، مؤثر نگرانی اور فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کیلئے سپر سیڈرز اور بیلرز کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں گرین انرجی اور الیکٹرک موبلٹی کے فروغ پر بھی کام جاری ہے، جبکہ طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس کی فراہمی ماحول دوست سفری نظام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

صحت کے شعبے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ لاہور، ملتان اور سرگودھا میں کینسر کے علاج کی سہولتوں اور ضلعی کینسر مراکز کے قیام پر کام کیا جا رہا ہے۔ صحت اور تعلیم میں اصلاحات بھی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔

چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پاک چین تعاون کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ مریم اورنگزیب نے چینی عہدیدار کی آمد اور تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] نواز شریف کے مطابق پنجاب کے 23 اضلاع میں 40 پرائمری اسٹروک سینٹرز فعال ہیں، جبکہ […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More