Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

خیبرپختونخوا میں 18 ارب 46 کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

 پشاور: خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ دورِ حکومت کے دوران مالی بے ضابطگیوں کا ایک بڑا معاملہ سامنے آ گیا، جہاں مالی سال 2024-25 کے دوران 18 ارب 46 کروڑ روپے کی مبینہ خورد برد اور انتظامی بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں مالی معاملات اور انتظامی امور میں سنگین خامیاں پائی گئیں، جس کے باعث سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ میں ناقص منصوبہ بندی اور کمزور انتظامی نظام پر سوالات اٹھاتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود صنعتی مالکان کو لیز پر دی گئی اراضی کے عوض 2 ارب 8 کروڑ 49 لاکھ روپے کی وصولی نہیں کی جا سکی۔

آڈٹ دستاویزات کے مطابق 2024 میں متعارف کرائی گئی لیز تجدید پالیسی کے تحت کمرشل اراضی کے معاہدوں کی تجدید نہ ہونے سے قومی خزانے کو 62 کروڑ 98 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ اسی طرح بونیر، مہمند اور جلوزئی میں سرکاری اراضی واگزار نہ کرانے کے باعث ایک ارب 7 کروڑ 74 لاکھ روپے کے نقصان کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کمرشل اراضی غیر قانونی طور پر صنعتی مقاصد کے لیے الاٹ کیے جانے سے خزانے کو 17 کروڑ 41 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق ہری پور میں الحدید انجینئرنگ کو 10 ایکڑ پر مشتمل پلاٹ نمبر 185، 186، 187 اور 190 الاٹ کیے گئے، تاہم متعلقہ رقم وصول نہ ہونے کے باعث سرکاری خزانے کو 49 کروڑ 78 لاکھ روپے کے نقصان کی نشاندہی کی گئی ہے۔

دستاویزات میں کمپنی کے ممکنہ واجبات کا تخمینہ 14 ارب روپے لگایا گیا ہے، جسے کمپنی کی مالی پوزیشن اور مستقبل کی کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

آڈٹ رپورٹ میں کمپنی کے مالی نظم و نسق، اراضی کی الاٹمنٹ اور واجبات کی وصولی سے متعلق معاملات پر سنگین تحفظات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان بے ضابطگیوں نے سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال اور کمپنی کی انتظامی کارکردگی پر اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More