ماسکو: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے 30 نومبر سے روس کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہونے کا امکان ہے، جہاں ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے اہم ملاقات متوقع ہے۔ مجوزہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سفارتی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے راستے تلاش کرنا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ روس کے دوران اعلیٰ سطحی مذاکرات ہوں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، اقتصادی شراکت داری اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے، تیل و گیس کی فراہمی، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور مشترکہ اقتصادی منصوبوں پر خصوصی توجہ دیے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی و جدید کاری، توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، زراعت اور غذائی تحفظ کے معاملات بھی مذاکرات کا حصہ بن سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بینکاری سہولتوں، مالیاتی لین دین، تجارتی ادائیگیوں اور کاروباری اداروں کو درپیش مسائل کے حل پر بھی بات چیت متوقع ہے، تاکہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔
علاقائی صورتحال کے تناظر میں افغانستان، جنوبی اور وسطی ایشیا میں امن و استحکام، علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور روس کے تعاون کے امور بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
وزیراعظم کے دورے کے موقع پر پاکستان روس بزنس فورم کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس میں پاکستان سے تقریباً 100 کاروباری شخصیات اور مختلف کمپنیوں کے نمائندے شریک ہو سکتے ہیں۔ فورم کے دوران پاکستانی اور روسی کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں متوقع ہیں، جن کا مقصد مشترکہ سرمایہ کاری، تجارتی روابط اور نئے کاروباری مواقع کو فروغ دینا ہے۔
پاکستانی کاروباری وفد میں ٹیکسٹائل، زراعت، خوراک، ادویات، صنعتی مصنوعات اور توانائی سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ کمپنیوں کی نمائندگی متوقع ہے۔ اس پیش رفت سے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو باہمی تعاون بڑھانے اور نئی منڈیوں تک رسائی کے مواقع مل سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی روس میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ سے ملاقات کا امکان بھی ہے، جس میں ان کے تعلیمی تجربات، مسائل اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کے فروغ پر گفتگو ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کے تاریخی شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے ایک روزہ دورے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے سابقہ مجوزہ دورہ روس کے دوران بھی کاروباری وفد اور پاکستان روس بزنس فورم کے انعقاد کا پروگرام زیر غور تھا، تاہم وہ دورہ ملتوی ہو گیا تھا۔ اب نئے دورے میں اس پروگرام کے اہم حصوں کو شامل کیے جانے کی توقع ہے۔
پاکستان اور روس کے درمیان گزشتہ چند برسوں کے دوران سفارتی روابط اور اقتصادی تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک تجارت، توانائی، صنعت، تعلیم اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مجوزہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے، تاہم دورے کی حتمی تاریخوں، پاکستانی وفد کی تشکیل اور ملاقاتوں کے مکمل شیڈول کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
[…] وزیراعظم نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کی توفیق دے۔ […]